اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ یورو نیوز کے مطابق ونزوئیلا کی پارلیمنٹ کے ہنگامی اجلاس کے دوران بعض ارکان کے درمیان جھگڑا ہوگیا اور ہاتھا پائی بھی ہوئی - پارلیمنٹ میں حزب اختلاف کا خیال ہے کہ صدر نیکولس مادورو ملک میں ریفرنڈم نہیں ہونے دے رہے ہیں اور اسی مسئلے پر ان کے خلاف تحریک مواخذہ پیش کی گئی تھی -
ونزوئیلا کی پارلیمنٹ میں حزب اختلاف کی اکثریت ہے - حکومت کے حامی ممبران نے تحریک مواخذہ کے ردعمل میں حزب مخالف کے ارکان پر ملک میں بغاوت کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا -
ونزوئیلا کے صدر مادورو نے بھی حزب اختلاف کے ارکان کے اس اقدام پر کہا کہ ان کے سیاسی مخالفین ونزوئیلا کو تباہ کرنا چـاہتے ہیں - انہوں نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ اور ان ممبران کو جو ملک کے قوانین کو نہیں جانتے بغاوت کی اجازت نہیں دیں گے -
حزب اختلاف کے ارکان نے نیکولس مادورو پر جمہوریت کی خلاف ورزی ، سیاسی مخالفین کو گرفتار کرنے اور صدر کی برطرفی کے لئے ریفرنڈم کے انعقاد کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کا الزام عائد کیا ہے-
تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے ونزوئیلا کو اقتصادی بحران کا سامنا ہے - سیاسی مخالفین کا کہنا ہے کہ یہ اقتصادی بحران صدر نیکولس مادورو کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے جبکہ مادورو نے اس اقتصادی بحران کو ایک سازش قراردیا ہے -
نیکولس مادورو اس سے پہلے امریکا پر بھی الزام عائد کرچکے ہیں وہ ونزئیلا کی حکومت کو گرانا چاہتاہے اور ملک میں سیاسی بحران پیدا کرنے کے لئے سیاسی مخالفین کی حمایت کررہا ہے -
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲